مرہٹواڑہ سے حج پر جانے والے عازمین کے لیے اورنگ آباد شہر میں ایک شاندار حج ہاؤس بنایا گیا ہے۔ مجلس اتحاد مسلیمین کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے کہا کہ عمارت کا محض افتتاح نہ کرنے کی وجہ سے اس سال حج ہاؤس سے حاجی روانہ نہیں ہو سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس کے افتتاح کو لے کر عوام سوال پوچھ رہی ہے۔ ایم پی امتیاز جلیل نے کہا میں ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر حج ہاؤس کا افتتاح بھی کر سکتا ہوں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو حج ہاؤس کا افتتاح کرنا چاہیے۔
ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ حج ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر میں چاہتا ہوں کہ وہ شہر کے عام خاص میدان میں ایک عظیم الشان اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کریں۔ مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اگلے ہفتے اورنگ آباد دیہی علاقوں کا دورہ کریں گے اسی دوران حج ہاؤس کا افتتاح کروانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہیں۔
اور انہوں نے اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر سے بات بھی کی ہے۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ عام خاص میدان کی زمین پر بچوں کے لیے اسٹیڈیم بناؤں لیکن حکومت اور عدالت کے درمیان یہ تنازعہ ہے، کہ اس جگہ کا مالک کون ہے اس اسٹیڈیم کے لیے ہمیں ریاستی حکومت سے ایک روپیہ کی ضرورت نہیں ہے، اسٹیڈیم کیلئے مرکزی حکومت سے فنڈ حاصل کرنا میری ذمہ داری ہے۔