ممبئی:حج 2023 کو لیکر رکن پارلمینٹ مولانا بدرالدین اجمل نے کہا کہ میں بہار میں مقیم تھا، وہاں مجھے اس بات کا علم ہوا کہ رواں برس سفر حج کی قیمت میں اضافہ کے علاوہ عازمین حج کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بہار میں امبارکیشن پوائنٹ میں تبدیلی آئی ہے جسکی وجہ سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ گو ایئر کے دیوالیہ ہونے کے معاملہ پر رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل نے کہا کہ حکومت نے اس معاملہ پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ حکومت کی لاپرواہی کا خمیازہ عازمین حج کو بھگتنا پڑےگا ۔
انہوں نے کہا کہ حج سال بھر میں ایک دفعہ آتا ہے، لوگ حج کے لئے برسوں پیسے جمع کرتے ہیں،مگر حکومت ایک ہی جھٹکے میں فضائی سفر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیتی ہے،جس سے عازمین حج کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ حج سے متعلق انتظامات پانچ مہینے پہلے سے شروع ہوجاتے تھے لیکن رواں برس ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواس برس عازمین کو ریال دینے کے لئے منع کیا گیا ہے، حکومت جان بوجھ کر ایسے فیصلے سناتی ہے تاکہ مسلمانوں کو پریشاینوں کا سامنا کرنا پڑے۔