ممبئی: شیو سنگرام کے سربراہ ونائک میٹے کی اتوار کو ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر مہاراشٹر کے کھپولی کے قریب سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ Shiv Sangram Died in a Road Accident۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے وقت میٹے ایک ایس یو وی کار میں سفر کر رہے تھے۔ یہ حادثہ پونے سے واپسی کے دوران پیش آیا۔ انہیں زخمی حالت میں کاموٹھے کے ایم جی ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ ایک میٹنگ میں شرکت کے لیے ممبئی جا رہے تھے اور بعد میں یوم آزادی کی ریلی میں شرکت کے لیے اپنے آبائی شہر بیڑ واپس جانا تھا۔
میٹے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شنڈے نے کہا کہ 'ونائک میٹے کی موت صدمہ کی بات اور تکلیف دہ ہے۔ ہم نے ایک ایماندارواریئر کو کھو دیا ہے جو مراٹھا برادری کے لیے لڑے تھے۔ وہ میری طرف سے بلائی گئی مراٹھا برادری کے مسائل سے متعلق میٹنگ میں شرکت کے لیے ممبئی آرہے تھے۔ وہ اپنی آخری سانس تک ریاست میں اس مقصد اور سماجی تحریکوں سے وابستہ رہے۔'
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ٹویٹ کیا کہ 'شیو سنگرام سنگٹھن کے صدر ونائک میٹے کی اچانک موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا سماجی کام اور سماج کے پسماندہ طبقوں کی ترقی میں تعاون بہترین ہے۔'