این سی پی کے سربراہ شردپوار نے آج ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا سے معطل شدہ 8 ارکان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے معطلی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ راجیہ سبھا ارکان کے حقوق چھین لئے گئے۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن ارکان کی معطلی پر شرد پوار کی تنقید انہوں نے زرعی بلز منظور کرنے کے لیے ڈپٹی چیرمین کی جانب سے اپنائے گئے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے بلز کو منظور کرائے جانے کی بھی مذمت کی۔
شرد پوار نے کہا کہ ’میں نے اپنی پوری زندگی میں اس طرح بلز کو منظور ہوتے ہوئے نہیں دیکھا ہے‘ حکومت کے رویہ سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی سے رائے مشورہ کرنا نہیں چاہتی‘۔
واضح رہے کہ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے 8 اراکین پارلیمان کی معطلی کو منسوخ کئے جانے تک اپوزیشن کی جانب سے ایوان کی کاروائی کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وقفہ صفر کے دوران راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنما غلام نبی آزاد نے کہا کہ ارکان کی معطلی پر تنقید کی اور کہا کہ معطلی کو منسوخ کئے جانے تک تمام اپوزیشن جماعتیں ایوان کی کاروائی کا بائیکاٹ کریں گی۔