ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے بلقیس بانو کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ اس فیصلے سے خواتین اور عام آدمی کو ہمت ملی ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر حکومت کو نصیحت کی کہ وہ بلقیس بانو کے معاملے کو سنجیدگی سے لے اور اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ سپریم کورٹ نے "گھناؤنے جرم" سے متعلق کیا کہا ہے۔ سپریم کورٹ نے پیر کو بلقیس بانو کیس کے 11 مجرموں کو دو ہفتوں کے اندر خودسپردگی کا حکم دیا ہے۔
ممبئی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے علاقائی دفتر میں ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہاکہ ’بلقیس بانو کیس کے فیصلے میں تاخیر ہوئی ہے، لیکن سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے وہ درست ہے۔ عدالت کے فیصلہ نے خواتین اور عام آدمی کو ایک طرح کی ہمت فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ گجرات حکومت نے طاقت کا غلط استعمال کیا۔ مجرموں کی سزا سے متعلق فیصلہ مہاراشٹر حکومت کو لینا چاہیے کیونکہ کیس مہاراشٹر میں چلا تھا‘۔