ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں احتجاج کے دوران سعید نوری نے سویڈن حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سویڈن اپنی حرکتوں سے باز آجائے کیوں کہ مسلمان اپنی جان سے زیادہ قرآن کریم سے محبت کرتے ہیں اس کی بے حرمتی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ نوری نے مسلم ممالک سے اپیل کی ہے کہ بار بار سویڈن ایسی حرکتوں کو دہرا رہا ہے اس کے باوجود ہم سخت اقدامات نہیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے اسلام دشمن طاقتیں ہمیشہ مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے لئے کبھی ناموس رسالت پر حملہ آور ہوتی ہیں تو کبھی قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کرتی ہیں۔
لہٰذا سربراہان مملکت اسلامیہ سے رضا اکیڈمی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرے اور گستاخِ قرآن ملزم سالوان مومیکا کو پھانسی دے۔ نوری نے یہ بھی کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے مذہب اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بناتی ہیں اور ان کی مذہبی کتابوں کی توہین کرتے ہیں، دن بدن بڑھتے ہوئے اس سلسلہ پرروک لگنا عالمی سطح پر ضروری ہے نائب صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء خلیل نوری نے یہ بھی کہا کہ جس طریقے سے لوگ یورپی ممالک میں مسلمان ہو رہے ہیں قرآن کریم سے قریب آ رہے ہیں۔ یہود و نصاری بڑھتی ہوئی اسلام مقبولیت سے خائف ہیں اسی لئے وہ اس طرح کی اوچھی حرکت پر اُتر آئے ہیں اور قرآن پاک کی بے حرمتی کر رہے ہیں جسے مسلمان کبھی بھی برداشت نہیں کرے گا۔