ممبئی: مراٹھا ریزرویشن کے لئے شدید احتجاج اب حکمراں پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے اثرات اب ممبئی میں بھی نظر آرہے ہیں۔ ریزرویشن کا مطالبہ کرنے والے احتجاجیوں نے اجیت پوار گروپ کے وزیر حسن مشرف کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مظاہرین چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) سے آئے ہیں۔ ریاستی وزیر برائے طبی تعلیم حسن مشرف کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ تین نامعلوم افراد نے حسن مشرف کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ آکاشوانی ایم ایل اے نواس میں کھڑی مشرف کی کار پر کچھ نامعلوم افراد نے پتھراؤ کیا اور کار کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کی ہے۔ آکاشوانی ایم ایل اے بھون کے نیچے ہمیشہ پولیس موجود رہتی ہے۔ تاہم آج صبح پیش آنے والے واقعہ کے پیش نظر پولیس کی نفری میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس حسن مشرف کی گاڑی کو میرین ڈرائیو تھانے لے گئی ہے۔
اس پورے واقعہ پر حسن مشرف کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مراٹھا برادری کی تحریک کو دھچکا لگ رہا ہے۔ آتش زنی اور توڑ پھوڑ تحریک کے لیے مراٹھا برادری کی ہمدردی کو کم کر رہی ہے۔ مجھے سکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ حسن مشرف نے مزید کہا ہے کہ، میری گاڑی میں گھسنے والوں کو چھوڑ دو۔ ان کے خلاف سخت کارروائی نہ کی جائے۔ خصوصی اجلاس بلایا جائے اور مراٹھا ریزرویشن دیا جائے تو ہمارا کام مکمل ہو جائے گا۔