ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل مسلم اکثریتی شہر ممبرا کے شاہین باغ میں دہلی، ممبئی ، نوی ممبئی، تھانے و دیگر علاقوں سے درجنوں پینٹرز پہنچے اور انہوں نے دیواروں، بینرز اور کپڑوں پر 'نو این آر سی، نو سی اے اے، گاندھی ہم شرمندہ ہیں تیرے قاتل زندہ ہیں، سنویدھان پڑھا کیا، مدر انڈیا، شاہین باغ، بھارتی سنویدھان، باپو، جامعہ فائرنگ کے ملزم کی تصویر، انسانی زنجیر جیسی تصاویر بنائیں۔
ان تمام پینٹنگز میں کوئی نہ کوئی پیغام پوشیدہ ہے، کسی میں تاریخ پوشیدہ ہے تو کسی میں آزادی کے نام سے شہریت ترمیم کو لیکر چل رہی تحریک کے لئے حوصلہ کن الفاظ اور پینٹنگز آویزاں ہیں۔
اس دوران پینٹر سنجیو نے بتایا کہ میں نے بھارتی دستور کو خوبصورتی سے بنایا ہے جس سے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے ملک کے دستور نے جو حقوق تمام شہریوں کو دیے ہیں وہ مساوی ہیں، یہ قانون ہمارے لئے بہت عظیم ہے۔