ممبئی:اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر ایک بار پھر پرانے موضوع پر سیاست گرم ہے۔ اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر کرنے پر بی جے پی، شیوسینا آمنے سامنے ہے۔
وہیں مہاوکاس اگھاڑی میں کانگریس کی جانب سے نام تبدیل کئے جانے کی مخالفت کی جا رہی ہے جبکہ بی جے پی اس موضوع کو اٹھا کر شیوسینا کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہے، لیکن شیوسینا بھی بی جے پی کو جواب دے رہی ہے۔
اس دوران شیوسینا نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو لے کر بی جے پی جو کانگریس پر تنقید کر رہی ہے اس کا کیا مطلب ہے،کانگریس تو پہلے سے ہی اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کے خلاف ہے اور سرکاری کاغذ پر نہ صحیح لیکن ریاست میں کانگریس کا وزیر اعلی ہوتے ہوئے بھی شیوسینا چیف بال ٹھاکرے نے اورنگ آباد کا نام سمبھاجی نگر کر دیا تھا اور عوام نے اسے قبول بھی کیا ہے۔