برطانیہ میں دوبارہ سے کورونا کی نئی لہر شروع ہونے کی وجہ سے احتیاطی طور پر ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ایک میٹنگ کی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بروز منگل 22 دسمبر سے 5 جنوری تک میونسپل کارپوریشن کی حدود میں رات میں 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
اسی کے ساتھ ساتھ پورے یورپ اور سینٹرل ایسٹ ممالک سے آئے ہوئے سبھی مسافروں کو 14 دن تک احتیاطی طور پر قرنطینہ سینٹر میں رکھے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ساتھ ہی دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو بھی 14 دنوں تک گھر میں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلنے کی وجہ سے آنے والے کچھ دنوں تک بہت ہی احتیاط برتنا ہوگا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ برطانیہ میں ایک بار پھر نئے طرح کے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے جب تک اس پر کنٹرول نہیں ہو جاتا، تب تک بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور ہم اسی وجہ سے رات کا کرفیو نافذ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی سختی سے جانچ کرنے کی بات بھی کہی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ پورے یورپ کے ساتھ سینٹرل ایسٹ ممالک سے مہاراشٹر میں آنے والے مسافروں کی آج سے 14 دنوں تک قرنطینہ سینٹر میں رکھا جانا ضروری ہے۔ ان مسافروں کو قرنطینہ کرنے کے بعد ان کی پانچویں یا ساتویں دن کورونا کی جانچ (آر ٹی پی سی آر ) کیا جائے گا اور ان کے قرنطینہ کی مدت پورا ہونے کے بعد انہیں گھر بھیجا جائے گا۔