ممبئی: سابق رکن پارلیمان عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں پولیس حراست میں قتل کیے جانے کے چند دن بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے منگل کو کہا کہ اگر حکمران قوتیں آئین اور قانون کو نظر انداز کرنے کی عادت ڈالیں گی تو ملک غلط راستے پر چلا جائے گا۔ ممبئی میں ایک افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے۔ اگر حکمران طاقتیں آئین اور قانون کو نظر انداز کرکے قدم اٹھانے کی عادت ڈالیں گی، تو ہم غلط راستے پر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کو فراموش کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لے کر قدم اٹھانے کی بات کی جاتی ہے اور اگر ایسا ماحول بنانے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ کا یہ تبصرہ اس وقت آیا جب سابق رکن پارلیمان عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد کی ہفتہ کو پریاگ راج میں طبی معائنے کے لیے لے جانے کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ دونوں بھائیوں کو عتیق احمد کے بیٹے اسد کو اتر پردیش کے جھانسی میں ایک مبینہ انکاؤنٹر میں مارے جانے کے چند دن بعد گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔