شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت نے ایک مرتبہ پھر یو پی اے کی صدارت شرد پوار کو دیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔
اس کے جواب میں کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ شیوسینا یو پی اے کی اتحادی پارٹی نہیں ہے لہذا راوت کو یو پی اے کے بارے میں بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
نانا پٹولے نے پوچھا کہ کیا سنجے راوت شرد پوار کے ترجمان ہیں؟ جو بار بار یوپی اے کے چیئرمین کے طور پر شرد پوار کا نام لیتے ہیں۔ ان کے بیان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ پٹولے نے ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے مزید کہا کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد کی صدارت کا مسئلہ مرکز کا ہے۔ ریاستی سطح کے رہنماؤں کو اس پر بات نہیں کرنی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسیز کم نہیں ہوئے تو سخت لاک ڈاون لگے گا: اجیت پوار
ایک سوال کے جواب میں نانا پٹولے نے کہا کہ شیوسینا کی قیادت میں مہا وکاس آگھاڑی حکومت فیوی کول کی طرح مضبوط ہے۔ اپنے پانچ برس مکمل کرے گی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن کانگریس شیوسینا کے ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت کے بیان سے ناراض ہے۔ کانگریس نے اس سلسلے میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے بھی بات کی ہے اور انہوں نے راوت سے اس معاملے میں بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔