ریاست مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے نو منتخب چیف ایگزیکٹیو آفیسر محی الدین بشیر کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے وقف بورڈ کے نظم و نسق اور تمام تر سرگرمیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائیگی،مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے نئے سی ای او آج صبح وقف بورڈ دفتر پہنچے، سب سے پہلے انہوں نے بورڈ کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا، متعلقہ محکمہ کے بارے میں معلومات حاصل کی،اس کے علاوہ انہوں نے تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں انہوں نے ریجنل، ڈسٹرکٹ اور ہیڈ آفس کے ملازمین کو کچھ اہم ہدایات دیں،محی الدین نے کہا کہ وقف بورڈ کے ملازمین کے لئے 1995 ایکٹ کی دفعات کے مطابق کام کرنا ضروری ہے-
Maharashtra State Waqf Board محی الدین بشیر مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے نئے سی ای او - مہاراشٹر خبر
مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے نومنتخب چیف ایگزیکٹیو آفیسر محی الدین بشیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ دفتر کے سبھی محکمے کا جائزہ لیا اور وقف ملازمین سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام وقف اداروں کا آڈٹ کرنا ضروری ہے آج تک صرف پچاس فیصد آڈٹ کیا گیا ہے اور اس سے وقف کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔ تمام اداروں کا صحیح آڈٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ایک ویب پورٹل تیار کیا جائیگا ،پچھلے کچھ سالوں سے مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں مستقل چیف ایگزیکٹیو آفیسر نہیں ہونے کی وجہ سے دفتر میں آنے والے لوگوں کو وقف سرگرمیوں کو احسن طریقہ سے انجام دینے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر آنے کے بعد مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں کام کاج اب بہتر انداز میں چلے گا۔