ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی اور مضافات میں کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن کے سبب تمام تجارتی سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں شمالی ہند کے مزدور گھر چلے گئے تھے لیکن اب ان کی واپسی کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے۔
اترپردیش اور بہار سمیت دیگر ریاستوں کے مختلف اضلاع میں جانے کے لیے ٹرین وغیرہ کے کوئی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مزدور مئی اور جون مہینے کی تپتی دھوپ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ پیدل ہی روانہ ہوگئے تھے اور جن مزدوروں کے پاس کرایہ تھا وہ مزدور 3 سے 4 ہزار روپیہ کرایہ دے کر زبردست پریشانیوں کو جھیلتے ہوئے مویشیوں کی طرح ٹرکوں اور ٹیمپو میں سوار ہوکر گئے تھے۔
لیکن شمالی ہند سمیت دیگر ریاستوں میں روزگار نہ ہونے کے سبب یہ مزدور اب دوبارہ مہاراشٹر واپس لوٹ رہے ہیں۔ اترپردیش سے ٹرینوں کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے مزدور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے واپس ممبئی آرہے ہیں۔
ممبئی اور مضافات کے علاقوں میں واقع ویئر ہاوس اور کمپنیوں کے مالکان مزدوروں کو بسوں کے ذریعے شمالی ہند سمیت دیگر ریاستوں سے واپس بُلارہے ہیں۔
فی الحال یومیہ سینکڑوں کی تعداد میں مزدور بسوں اور دوسرے ذرائع سے پہنچ رہے ہیں لیکن بسوں سے آنے والے مزدوروں کو بھی ان کی منزل تک نہیں چھوڑا جارہا ہے۔