مالیگاوں:این ڈی سی سی قرض اور رینوکاسوت گرنی معاملے میں گذشتہ روز ممبئی ہائی کورٹ نے ادوئے آبا آہیرے کی ضمانت قبل گرفتار کی درخواست مسترد کردی تھی۔ جس کے بعد سے مسلسل ناسک دیہی پولیس ادوئے آبا آہیرے کو تلاش کررہی تھی، اسی بیچ ناسک دیہی پولیس کو ادوئے آبا آہیرے کی بھوپال میں موجودگی کی خبر موصول ہوئی۔ جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے بھوپال پہنچ کر ادوئے آبا کو گرفتار کرلیا۔ اور دیر رات گئے مالیگاؤں رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں لایا گیا۔
واضح رہے کہ این ڈی سی سی بینک سے سات کروڑ روپے کا قرض لینے اور بروقت ادائیگی میں کوتاہی جیسے سنگین معاملات کے تحت ادوئے آبا آہیرے سمیت دیگر کئی افراد پر مقدمہ درج ہوا تھا۔ جس میں ادوئے آبا آہیرے نے مقامی سطح سے لیکر ممبئی ہائی کورٹ تک ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے کوشش کررہے تھے۔ لیکن ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے تب تک ناسک دیہی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ اور آج صبح انہیں مقامی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔