اردو اسکولوں کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ کے تعلق سے وزیر تعلیم کے ملنے پہنچے وفد کی باتوں کو بغور سننے کے بعد ورشا گائیکواڑ نے یقین دلایا کہ اردو میڈیم اسکولوں کے اساتذہ کی بھرتی میں اردو میڈیم کے امیدواروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک نہیں کیا جائے گا اسی کے ساتھ اساتذہ کو درپیش مسائل کو بھی حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ڈاکٹر فوزیہ خان نے منترالیہ میں وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ سے ملاقات کے دوران تحریری مطالبہ پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ پوِتر پورٹل کے توسط سے سنہ 2017 میں اساتذہ کی بھرتی کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت 12 ہزار 147 اسامیوں کا اشتہار شائع کیا گیا تھا جس میں سے صرف 5822 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔