وسیم رضوی کے قرآن مخالف بیان پر علما بلا لحاظ مسلک شدید مذمت کررہے ہیں۔ اور عوام میں بھی غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور کئی مقامات پر لوگوں نے وسیم رضوی کے خلاف احتجاج درج کیا۔اس تعلق سے نمائندہ ای ٹی وی بھارت نے مالیگاؤں کے علمائے دین سے خصوصی گفتگو کی۔
اس سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے بتایا کہ قرآن مجید میں کسی بھی قسم کی کمی یا زیادتی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اور نہ ہی کسی بشر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس میں کوئی پھیر بدل کرے۔ یہ کتاب خدا کے بندوں کی ہدایت کے لیے ہے بندوں کی من مانی کے لیے قطعی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ شخص کا توہین قرآن اقدام مسلمانوں کے درمیان فتنے کی آگ کو بھڑکانے کی ایک منصوبہ بند سازی ہے۔اور ایک خاص مکتب فکر کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔