پترکار وکاس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مالیگاؤں شہر کے اردو میڈیا سینٹر میں 10 ستمبر 2021 کو صحافتی سیمینار بعنوان "صحافیوں کے در پیش مسائل و حل" منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کی صدارت اسماعیل شیخ (صدر اردو میڈیا سینٹر) نے کی۔
اس پروگرام میں بطورمہمانان خصوصی سرفراز آرزو (مدیر, ہندستان ممبئی), مشیر انصاری (سینئر صحافی) , ستیہ پرکاش تیواری(مدیر, سب کی خبریں), فتح احمدخان (مدیر, انڈین اسپیچ) اور صحافی یوسف رانا (نمائندہ اردو ٹائمز ممبئی) نے شرکت کی۔
صحافتی خدمات انجام دینے والے ایماندار صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔ موجودہ دور میں الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے صحافت نے بہت ترقی کر لی لیکن دوسری جانب صحافت کا معیار بھی گرتا گیا۔ وہیں غیر جانبداری سے صحافتی خدمات انجام دینے والے میڈیا ہاؤس، اخبارات اور صحافیوں کےلیے مختلف مسائل پیدا ہونے لگے۔ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے اور اجاگر کرنے کےلیے "پتر کار وکاس فاؤنڈیشن" تشکیل دی گئی۔ یہ باتیں سینئر صحافی سرفراز آرزو (مدیر, ہندستان ممبئی) و صدر پترکار وکاس فاؤنڈیشن نے کیا۔
صحافی یوسف رانا نے صحافتی سیمینار کے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مختلف مسائل کو حل کرنے کےلیے سب سے پہلے سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا بہت ضروری ہے۔