مہاراشٹر کے وزیر امداد و بحالی وجئے وڈیٹیور نے ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں کورونا کے کیسز میں اضافہ کے پیش نظر رات کا کرفیو نافذ کرنے کے بارے میں غور و خوص کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے ماسک کا استعمال کرنے اور سختی سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
مہاراشٹر: کورونا کیسز میں اضافہ، رات کے کرفیو پر غور
مہاراشٹر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے رات کا کرفیو نافذ کرنے سے متعلق غور و خوص کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں شام 6 بجے تا صبح 9 بجے تک کرفیو نافذ کیا جاسکتا ہے جس سے متعلق غور و خوص کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی، پونہ، ناگپور، اورنگ آباد اور ناسک میں کورونا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ بڑھ رہی ہے جبکہ وبا کی روک تھام کےلیے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت فی الحال نائٹ کرفیو پر غور کررہی ہے لیکن حالات معمول پر نہ آنے کی صورت میں اور بھی کڑے اقدمات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کلکٹرز کو اپنے اپنے اضلاع میں حالات کو دیکھتے ہوئے نائٹ کرفیو نافذ کرنے پر فیصلہ کا اختیار دیا گیا ہے۔