سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت جب بر سراقتدار تھی تب ایک مرتبہ چار مسلم وزراء کابینہ میں شامل ہوئے تھے۔
گزشتہ مرتبہ جب بی جے پی اور شیوسینا کے اتحاد کی حکومت مہاراشٹر میں برسر اقتدار تھی تب بی جے پی اور شیوسینا کے خیموں میں ایک بھی مسلم رکن اسمبلی نہیں تھا یہی وجہ تھی کہ کسی بھی مسلم نمائندے کو وزارت میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔
کابینہ میں شمولیت کے لیے کانگریس کے امین پٹیل اور اسلم شیخ میں وزارت کے لیے رسہ کشی تھی۔
مہاراشٹر کی مخلوط حکومت میں مسلم کوٹے سے وزارت کے دو اہم مسلم اراکین اسمبلی کے درمیان دوڑ چل رہی تھی لیکن ممبئی کے مضافات سے تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اسلم شیخ نے بازی مار لی اور گنجان مسلم آبادی والے علاقے ممبا دیوی سے تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب امین پٹیل کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق کانگریس پارٹی نے طے کیا تھا کہ وہ اسی مسلم رکن اسمبلی کو وزارت دیں گے جو سینیئر ہوگا، حسن اتفاق یہ ہے کہ دونوں مسلم اراکین اسمبلی تیسری مرتبہ ایم ایل اے بنے جب کہ کانگریس کے ایک اور مسلم رکن اسمبلی ذیشان صدیقی پہلی مرتبہ اسمبلی پہنچے ہیں۔