گزشتہ روز ممبئی کے معروف تعلیمی ادارہ انجمن اسلام میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کہا کہ اس دور میں سیاسی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ عوامی خدمت کی طرف توجہ دیں تاکہ معاشرے میں بہتری لائی جاسکے۔
اس موقع پر گورنر نے معروف سماجی کارکن عزیز مکی کو ان کی 50 سالہ عوامی خدمات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزیز مکی عوام کے اچھے بُرے وقت میں ان کے کام آئے اور اس لیے وہ ان لوگوں میں ہر دلعزیز ہوئے ہیں ۔
مولانا سید اطہر دہلوی بطور خصوصی مہمان شریک ہوئے اور انہوں نے عزیز مکی کی خدمات کی ستائش ۔
اس موقع پر عزیز مکی نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا ان کا اہم مقصد رہا تاکہ معاشرہ کے دبے کچلے اور محروم لوگوں کو ان کا حق دلایا جائے اور ضرورت مند بھی سماجی،معاشی اور تعلیمی میدانوں میں بہتر سے بہتر کارگزاری کا مظاہرہ کرسکیں ۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمانۂ تعلیمی سے ہی ان میں یہ جذبہ پیدا ہوگیا تھا، جبکہ اپنی بیٹیوں کو بھی انہوں نے اعلیٰ تعلیم سے سرفراز کرایا۔
صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے انجمن اسلام کے تعلیمی سفر کی تفصیل گورنر کے روبروپیش کی۔
ڈاکٹر ظہیر قاضی نے بتایا کہ ملک کی جنگ آزادی میں انجمن اسلام نے اہم رول اداکیا ہے اور انجمن اسلام کا قیام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قبل عمل میں آیا اور اس کے پہلے صدر جسٹس بدرالدین طیب جی تھے ،جوکہ نہ صرف مجاہد آزادی تھے بلکہ انہوں نے لوکمانیہ تلک کو بھی کارگزار چیف جسٹس کی حیثیت سے ضمانت دینے کی جسارت کی تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ انجمن اسلام آج ایک تناور درخت بن گیا ہے جس کے دروازے تمام لوگوں کے لیے کھلے ہیں اور برادرن وطن کے تعلق سے عملے کی تعداد بھی کسی سے کم نہیں ہے اور انہیں پورا پورا موقعہ دیا جاتا ہے ۔