اورنگ آباد پولیس کی کرائم برانچ اور فوڈ اینڈ ڈرگز کے آفیسرز نے اورنگ آباد کے مضافاتی علاقے میں واقع کروڈی ہائی وے پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گٹکھے سے بھرا ہوا کنٹینر اور لوڈنگ آٹو ضبط کیا ہے۔
پولیس کے مطابق کنٹینر سے تقریباً دوسو گٹکھے کی بوریاں اور لوڈنگ آٹو سے پینتالیس گٹکھے کی بوریاں برآمد کی گئیں۔
پولیس نے مجموعی طور پر 56 لاکھ روپے مالیت کا ہیرا گٹکھا ضبط کیا اور ڈرائیور سمیت تین ملزمین کو حراست میں لیا جن میں سے دو ملزمین کا تعلق اترپردیش سے ہے جبکہ تیسرے کا تعلق دولت آباد سے بتایا جاتا ہے۔
لاکھوں روپے مالیت کا گٹکھا ضبط، تین گرفتار یہ پہلا موقع ہے جب اورنگ آباد شہر میں ایک کنٹینر کو پکڑ کر اتنے بڑے پیمانے پر گٹکھے کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا ہے۔
یہ کارروائی کرائم برانچ کے انسپکٹر مدھوکر ساونت کی قیادت میں انجام دی گئی اور معاملے کی مزید جانچ کرائم برانچ کے سب انسپکٹر تشار دیورے کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں اورنگ آباد کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے کہا کہ 'پولیس چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتی ہے لیکن اسے بڑے کاروباریوں کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے جو گٹکھا بناکر بازاروں میں فروخت کرتے ہیں۔'