ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ای ٹی بھارت کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف تاریگامی نے کہا کہ ' کشمیر میں حکومت کی وجہ سے حالات خراب ہوئے ہیں اور ان کے پاس وہاں حالات بہتر بنانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ حکومت کے پاس طاقت، جھوٹ اور قید خانے ہیں جن میں انہوں نے عام شہری اور سیاسی رہنماؤں کو قید کر رکھا ہے۔'
کشمیر میں سب ٹھیک ہے تو سیاسی رہنما قید میں کیوں؟ واضح رہے کہ کشمیر کے کمیونسٹ رہنما اور پولٹ بیور کے رکن محمد یوسف تاریگامی کو بھی کشمیر کے دوسرے سیاسی رہنما کی طرح گھر میں نظر بند رکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ' مرکزی حکومت بھلے ہی کشمیر کے حالات کو معمول کے مطابق بتا رہی ہے لیکن وہاں کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اگر حالات ٹھیک ہیں تو سیاسی رہنماؤں کو کیوں نظر بند کیا گیا ہے؟'
تاریگامی نے کہا کہ ' اس کا مطلب یہ ہے کہ بی جے پی حکومت سچ کو چھپا رہی ہے۔
کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے بارے میں مرکزی حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ' کشمیر کے نوجوانوں، تاجر، اور عام لوگوں کو یہ حق دو کہ وہ انٹرنیٹ سروس کا فائدہ اٹھا سکیں۔'