ممبئی: مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کے روز جالنا میں مراٹھا برادری کے لئے ریزرویشن کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر پولیس کے جانب سے لاٹھی چارج کئے جانے اور ان پر آنسو گیس داغے جانے کے معاملے میں متاثرین سے معافی مانگی اور کہا کہ مظاہرین کو نشانہ بناتے ہوئے پولیس کی کارروائی انتہائی غلط تھی جس میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے، ان میں کچھ خواتین بھی شامل تھیں۔ میں اس کے لیے ان سے معافی چاہتا ہوں۔
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے الگ ہونے والے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فڑنویس نے جالنا کے انترولی-ساراٹی گاؤں میں جاری مراٹھا برادری کے احتجاج اور مظاہرین پر پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ فڑنویس نے مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اقدامات نہ کرنے پر مختلف حکومتوں کے کئی سابق وزراء اعلیٰ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور امید ظاہر کی کہ مراٹھا برادری اپوزیشن کے بہکاوئے میں نہیں آئیگی۔
وہیں شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما ادھو ٹھاکرے نے مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج پر مہاراشٹر حکومت کی سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ ریاستی حکومت بے شرم ہے، انہوں نے خواتین سمیت سب کو بے دردی سے مارا ہے اور اب وہ ذمہ داری نہیں لے رہے ہیں اور الزام تراشی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ یہ حکومت پیغام دے رہی ہے کہ اگر کوئی انصاف کے لیے احتجاج کرتا ہے تو ہم ان کا سر توڑ دیں گے۔