ممبئی: کورونا وبا کے سبب حج کی سعادت سے محروم مسلمان اب بیت اللہ شریف جاکر ارکان حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔ گزشتہ دو برسوں سے کورونا پابندی کے بعد سعودی عرب نے اب تمام ممالک کو سفر حج کی اجازت دے دی ہے۔ بھارتی عازمین حج کو رواں برس حج بیت اللہ کی سعادت نصیب ہوگی اور اس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس کے جائزہ کے لیے یکم مئی کو سعودی عرب میں ایک وفد بھی جائے گا اور پھر حج کا آپریشن کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانے کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کوشش کرتی ہے اور رواں برس حج آپریشن میں کوئی کمی نہ ہو اس کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا دن رات خدمات انجام دے رہا ہے۔
اس قسم کا دعوی آج یہاں حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد ممبئی میں کیا ہے۔ ممبئی حج ہاؤس میں نو منتخب اراکین نے بھی اے پی عبداللہ کے ساتھ حج کمیٹی میں حج آپریشن کی پہلی میٹنگ میں حصہ لیا۔ اس کے بعد حج آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اے پی عبداللہ کٹی نے کہا کہ رواں برس 83 ہزار عازمین نے درخواستیں دی تھیں، ان درخواستوں کے ساتھ حجاج کرام رواں برس حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی قیادت میں حج کمیٹی آف انڈیا کام کر تی ہے اور حجاج کرا م کو ہر طرح سے سہولیات میسر کر نے کے لیے کوشش کرتی ہے۔