عالمی وبا کورونا کے سبب گزشتہ کئی ماہ سے ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرین عام لوگوں کے لئے بند کر دی گئی تھیں، لیکن یکم فروری سے کچھ شرائط کے ساتھ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے لوکل ٹرینوں کو عام لوگوں کے لئے کھولنے کا فیصلہ لیا ہے۔
وزیر اعلی کے دفتر سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق اب ہر شخص کو لوکل ٹرین سے سفر کرنے کا موقع ملے گا، اس کے علاوہ دوسرے مسئلوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'ممبئی اور نواحی علاقوں میں مختلف دفاتر اور کمپنیوں کو سہولت کے لئے اپنے کام کے اوقات میں تبدیلی کرنا چاہئے۔
وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر ہونے والی میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ 'لوکل ٹرین سے عام مسافر صبح سات بجے، دوپہر بارہ بجے، شام چار بجے اور رات نو بجے کے آخری لوکل ٹرین سے سفر کرسکتے ہیں۔