ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل پاورلوم کے صنعتی شہر بھیونڈی میں جمعہ کے شب ہونے والے عمارت حادثے میں دو افراد ہلاک اور 6 شدید طور سے زخمی ہونے کا معاملہ ابھی سرد بھی نہیں پڑا تھا کہ بھیونڈی شہر کے خان کمپاؤنڈ مومن پورہ علاقے میں پیر کے شب تقریباً 12:30 عمارت کے ستون اور سلیب میں شگاف پڑنے سے پوری عمارت میں زبردست سراسیمگی پھیل گئی۔
دیر رات میں ہی عمارت میں رہنے والے افراد سے پوری عمارت کو خالی کرالیا گیا اورانہیں اپنے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے یہاں پناہ لینے کے لیے کہا گیا۔
کارپوریشن ذرائع کے مطابق بھیونڈی کے مومن پورہ علاقے میں واقع ہاوس نمبر 1032/0 ایاز مومن نامی عمارت جو 15 برس قبل تعمیر ہوئی تھی اور اس چار منزلہ عمارت میں 45 خاندان کے تقریباً 300 افراد رہائش پذیر تھے، 15 برس قبل تعمیر ہونے والی اس عمارت پر چار برس قبل چوتھی منزل تعمیر کرنے کا کام انجام دیا گیا، جس کی وجہ سے عمارت کمزور ہوگئی تھی۔
مقامی باشندوں کے مطابق گراؤنڈ فلور پر پاورلوم فیکٹری تھی، جسے چند برس قبل ہٹایا گیا ہے۔