بھیونڈی میں ایک شخص کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے سے مقامی انتظامیہ کے افسران اور ان کی ٹیم نے پہنچ کر اس تعلق سے کارروائی کرنا شروع کردیا ہے۔
بھیونڈی شہر کے منگل بازار علاقہ میں رہائش پذیر ایک 62 سالہ معمر شہری کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے۔
مریض کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آتے ہی بھیونڈی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور مقامی پولیس نے مذکورہ علاقہ کو سیل کرکے آمدورفعت کو مکمل طور سے بند کردیا ہے جبکہ متاثرہ شخص کو علاج کے لیے تھانے کے سول ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
بھیونڈی میں کووِڈ-19 کا پہلا مریض ملنے کے بعد شہر میں زبردست سراسیمگی پھیل گئی ہے۔
بھیونڈی شہر میں کورونا وائرس کا پہلا پازیٹیو کیس کارپوریشن ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ شخص گزشتہ ماہ 14-15 مارچ کو ممبرا میں تبلیغی جماعت میں گیا تھا۔ مگر اچانک ہونے والے لاک ڈاؤن سے وہ وہیں پھنس گیا، کسی طرح سے 2 اپریل کو ممبرا سے بھیونڈی واپس آنے پر اس نے مقامی انتظامیہ کو تبلیغی جماعت میں جانے کی پوری تفصیلات دی جس کے بعد مقامی انتظامیہ کی صلاح پر اسے ہوم کورنٹائن کردیا تھا۔
مگر اچانک طبیعت بگڑنے پر 9 اپریل کو اسے اندرا گاندھی میموریل اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے راجنولی ناکہ پر واقع ٹاٹا آمنترا کورنٹائن سینٹر بھیج دیا گیا۔
ٹاٹا آمنترا کورنٹائن سینٹر میں طبی جانچ کے بعد خون کا نمونہ جانچ کے لیے ممبئی کے کستوربا اسپتال بھیجا گیا جس کے بعد سنیچر دیر رات کستوربا اسپتال سے ملی رپورٹ میں اسے پازیٹو بتایا گیا۔
کورونا کی تصدیق کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔اور سبھی کے خون کا نمونہ لیکر جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
مقامی کارپوریٹر شاف مومن نے فون پر گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مذکورہ شخص کی رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد اس کے اہل خانہ کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص دمہ کے ساتھ ہی مسلسل سردی اور کھانسی کا مستقل مریض بھی تھا۔
واضح ہوکہ تھانے ضلع کے سبھی شہر تھانے، ممبرا، کلوا، کلیان، الہاس نگر، امبرناتھ، میرا بھائندر، وسئ ویرار، نالا سوپارہ، پالگھر، نوی ممبئی، پنویل سمیت سبھی علاقوں میں کورونا وائرس وبا سے متاثر اب تک 168 سے زائد مریض پائے جا چکے ہیں۔