اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع سلوڑ میں گذشتہ روز ہفتہ کی شب سلوڑ کے مودھا بزرگ میں ہندو جنجا گرن سبھا کا اہتمام کیا گیا جس میں متنازع بیان بازی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سلوڑ دیہی پولیس نے کالی چرن مہاراج اور منتظمین کے خلاف منافرت پر بینی بیانات دینے کی شکایت درج کی ہے۔ ان لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے متنازع بیان بازی کرکے پُر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ اس پروگرام میں ہندو جاگرن سمیتی کے کالی چرن مہاراج عرف ابھیچیت دھنجے سارگ ساکن اکولا، سلوڑ کے بی جے پی سٹی صدر کملیش کٹاریہ، پلاننگ کمیٹی کے صدر اور بی جے پی کارکن سنیل ترمبک جادھو مودها اور ایک نامعلوم شخص موجود تھے جنہوں نے مبینہ طور پر متنازع بیان بازی کی۔
اس کے علاوہ سلوڑ کے آر ایس ایس کے دانشور ضلع سربراہ کیتین کلیانکر پر بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے پر درج کیا گیا۔ سلوڑ سٹی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر اور سیشن راو کے مطابق کالی چرن مہاراج نے اس میٹنگ میں اشتعال انگیز تقریر کی اور دو طبقات کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔