ممبئی: دہلی میں گزشتہ روز مہاراشٹر کے ارکان پارلیمان کے ساتھ میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ 2014 میں شیوسینا نے بی جے پی سے اتحاد توڑ دیا تھا۔ بی جے پی کے سابق لیڈر اور فی الحال این سی پی قانون ساز کونسل کے رکن ایکناتھ کھڈسے نے گزشتہ روز بدھ کو کہا کہ مودی نے جو کہا ہے وہ سچ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد ادھو ٹھاکرے نے نہیں بلکہ خود بی جے پی نے توڑا تھا۔ میڈیا سے بات چیت میں کھڈسے نے 2014 کے سیاسی حالات کا انکشاف کیا اور کہا کہ اس وقت وہ بی جے پی میں تھے۔ ریاست میں کانگریس این سی پی کی حکومت تھی۔ شیوسینا اور بی جے پی اپوزیشن میں تھیں۔
کھڈسے نے کہا کہ اس وقت وہ خود مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے اور دیویندر فڑنویس مہاراشٹر بی جے پی کے صدر تھے۔کانگریس-این سی پی مخالف ماحول تھا ہمیں لگ رہا تھا کہ ہماری حکومت آئے گی۔ بڑے پیمانے پر لیڈر بی جے پی میں آ رہے تھے اس دوران ہم نے اپنی طاقت پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔