ممبئی ہائی کورٹ نے آج خودکشی معاملہ میں ارنب گوسوامی کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست پر اپنے فیصلہ کو محفوظ کرلیا تاہم عدالت نے ارنب کو نچلی عدالت میں ضمانت کی درخواست دینے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے کہا کہ ری پبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر سی آر پی سی کی دفعہ 439 کے تحت عبوری ضمانت کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔
اسی دوران آج علی باغ سیشن کورٹ نے ارنب گوسوامی کی عدالتی تحویل کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی رائے گڑھ پولیس کی عرضی کو مسترد کردیا جس میں ارنب کو پولیس تحویل میں دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
علی باغ سیشن کورٹ ارنب گوسوامی کو پولیس ریمانڈ میں دینے کے معاملہ میں رائے گڑھ پولیس کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی کی درخواست پر 9 نومبر کو دوبارہ سماعت کرے گی۔
آج سماعت کے دوران ارنب کے وکلا نے سیشن کورٹ کو بتایا کہ ممبئی ہائیکورٹ میں ارنب کے علاوہ دیگر دو ملزمین کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی عرضی پر سماعت جاری ہے، ایسے میں پولیس ریمانڈ کا مطالبہ درست نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ارنب گوسامی کو 2018 کے ایک خودکشی معاملہ میں 18 نومبر تک 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔ ممبئی ہائیکورٹ نے 5 اور 6 نومبر کو عبوری راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دونوں فریقین کو سننے کے بعد ہی کوئی فیصلہ دےگی۔