اردو

urdu

ETV Bharat / state

'وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کی رعایت نہ دینا افسوسناک' - مرکزی حکومت

ملک کی مختلف ریاستوں میں قائم وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کے تحت رعایت نہیں دینے پر کانگریس نے مرکزی حکومت کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

sachin sawant
sachin sawant

By

Published : Apr 13, 2020, 9:14 PM IST

مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ترجمان وجنرل سکریٹری سچن ساونت نے کہا کہ 'ملک کی مختلف ریاستوں میں قائم وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کے تحت رعایت نہیں دینے پر کانگریس نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'راتوں رات قائم کیے گئے پی ایم کیئرز فنڈ کو مرکزی حکومت کی جانب سے فوری طور پر سی ایس آر کے تحت فنڈ حاصل کرنے کی رعایت دی گئی ہے لیکن قانون کے مطابق برسوں سے نہایت شفافیت کے ساتھ جاری وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کی منظوری نہ دینا مرکزی حکومت کا دوہرا پیمانہ ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔'

مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ترجمان و جنرل سکریٹری سچن ساونت نے اس ضمن میں مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ریاستوں کے سی ایم ریلیف فنڈ کو فوری طور پر سی ایس آر کے تحت فنڈ لینے کی منظوری دی جائے۔

سچن ساونت نے اس تعلق سے ایک مکتوب اسمبلی میں کانگریس کے رہنما اور وزیرمحصول بالا صاحب تھورات کو روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے تھورات سے گزارش کی ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے اپیل کریں کہ وہ سی ایم ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کے تحت فنڈ لینے کی اجازت دے۔

سچن ساونت نے اپنے مکتوب میں اس بات پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے کہ 11 اپریل کو دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ سمیت دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے صرف پی ایم کیئرز فنڈ کو سی ایس آر کے تحت رعایت دیئے جانے پر اعتراض کیے جانے کی اطلاع ہے۔ اس کے باوجود وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ کو سی ایس آر کے تحت فنڈ لینے کی منظوری دینے سے متعلق وزیراعظم نے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔

سچن ساونت نے کہا کہ ریاست میں کووڈ 19کی صورت حال کے پیشِ نظر مرکزی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ مہاراشٹر کے حق کا فنڈ فوری طور پر ادا کرے، لیکن ریاست کو ہنوز وہ فنڈ موصول نہیں ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جو مدد کی گئی ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کی مانند ہے۔ مہاراشٹر کو اس مصیبت سے لڑنے کے لیے بھرپور فنڈ کی ضرورت ہے جو سی ایس آر کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مہاراشٹر سمیت ملک بھر کے صنعتکار اپنی اپنی ریاستوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں دی گئی مدد سی ایس آر کے تحت قبول نہیں کیے جانے کی وجہ سے صنعتکار تذبذب میں ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details