ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع کانگریس پارٹی کے کارپوریٹر ظفر احمد احمد اللہ نے وارڈ نمبر 13 میں سڑک اور گٹر کے کاموں کے افتتاحی موقع پر خوژی کا اظہار کچھ اس انداز میں کیا کہ پولیس کو ان پر مقدمہ درج کرنا پڑا، ظفر احمد نے افتتاح کے موقعے پر اپنے بندوق سے ہوائی فائرنگ کی اور تعمیراتی کام شروع ہونے کے لیے خوشی کا اظہار کیا۔
موصول اطلاع کے مطابق اس علاقہ میں برسوں سے تعمیری کام انجام نہیں دیا گیا تھا، ایسے میں تین دہائیوں کے بعد تعمیری کاموں کو 16 دسمبر کو شروع کیا گیا۔
وہیں مقامی افراد اس فائرنگ کرنے والے شخص کی مخالفت کرنے کے بجائے اس کے ساتھ سیلفیاں لینے لگے اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا، اس وائرل تصویر کی اطلاع مالیگاؤں کے ایڈیشنل ایس پی چندرکانت کھنڈوی کو دی گئی، اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل ایس پی چندرکانت کھنڈوی نے پوارواڑی پولس کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
اس ضمن میں پوارواڑی پولس اسٹیشن میں تعینات انسپکٹر اے ایل بھوئی نے اس وائرل تصویر کی تفتیش شروع کردی، پوارواڑی پولس عملہ نے برکت اللہ نامی شخص کو بندوق اور لائسنس سمیت گرفتار کرلیا، لائسنس کے باوجود بغیر کسی ضروری وجہ کے کسی کی جان کا خطرہ اور عوامی جگہ پر بلا وجہ فائرنگ کرنے پر پوارواڑی پولیس نے 'آرم ایکٹ' کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
معلومات کے مطابق ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔