ممبئی: عائشہ فلم کو لے کر بی جے پی برہم - waseem rizvi
بی جے پی کے وفد نے ڈی سی پی سے ملاقات کرکے میمورنڈم دے کر یوٹیوب پر ٹریلر کے ساتھ سبھی مواد ہٹانے اور فلم ساز وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل مسلم اکثریتی شہر بھیونڈی میں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی شان میں گستاخی کرنے والی فلم کے کچھ حصوں کو یو ٹیوب اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر بی جے پی کے ایک وفد نے ڈی سی پی سے ملاقات کرکے اعتراض جتایا ہے۔
وفد نے فلم کے سبھی ویڈیو اور یوٹیوب پر ٹریلر کے ساتھ سبھی مواد ہٹانے اور فلم ساز وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
زاہد مختار شیخ، فرحان صدیقی، ابراہیم شیخ، معراج انصاری، نظیر منصوری اور بی جے پی کے دوسرے کارکنان نے مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگلے کی جانب سے ڈپٹی پولیس کمشنر راج کمار شنڈے کو میمورنڈم دیکر بتایا کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی شان میں گستاخی کرنے والی فلم کے کچھ حصوں کو یوٹیوب پر وائرل کیا گیا ہے۔ جس میں ام المومنین کی شان میں نعوذ باللہ گستاخی کی گئی ہے۔ اس سے امت مسلمہ کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔ جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
وفد نے بتایا کہ رکن اسمبلی مہیش چوگلے نے میمورنڈم دے کر ڈی سی پی راج کمار شنڈے سے درخواست کی ہے کہ اس ویڈیو سے سماج کے امن و امان میں خلل پڑ سکتا ہے۔ نیز اس فلم کو سینسر بورڈ نے پاس بھی نہیں کیا ہے اس لئے اس فلم کے سبھی مواد سوشل میڈیا کے ساتھ ہی یوٹیوب پر سے بھی حذف کرنے کے لئے کارروائی کی جائے۔ میمورنڈم میں وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔