بھیونڈی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق شہر میں 13 کووڈ کیئر سینٹر کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ کل 2666 بیڈ ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے کارپوریشن کے ذریعہ تیار کئے جانے والے کووڈ کئیر سینٹر ( سی سی سی) کا جائزہ لیا تو کارپوریشن کا دعویٰ بالکل جھوٹا ثابت ہوا ہے۔
واضح ہو کہ بھیونڈی شہر کے شانتی نگر روڑ پر واقع صلاح الدین ایوبی اردو ہائی اسکول کی عمارت کے کمروں میں 150 بیڈ کووڈ کئیر سینٹر عمل میں لائے جانے کا دعویٰ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ہورہا ہے۔
اس اسکول میں 150 بیڈ سے آراستہ کووڈ کئیر سینٹر کے تعمیر کئے جانے کا دعویٰ پوری طرح فرضی ثابت ہورہا ہے۔ کیونکہ وہاں اس طرح کا فی الحال کوئی سینٹر موجود نہیں ہے۔
جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس اسکول پر پہنچ کر مقامی افراد اور اسکول انتظامیہ سے اس بات کی تصدیق کرنے کی کوشش کی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ کارپوریشن انتظامیہ نے 150 بیڈ کا کووڈ کیئر کا قیام عمل نہیں آیا ہے، مگر وہاں ایک بند کمرے میں 150 معمولی گددے ضرور موجود ہیں۔ بقیہ سینٹر چلانے کے لیے لگنے والا کوئی بھی ضروری سازو سامان موجود نہیں ہے۔ کتابوں کے ڈھیر والے ایک اور گندگی والے کمرے میں صرف گددے رکھے ہوئے ہیں۔