کروڑوں روپے کی میڈیکل پالیسی بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار ممبئی کے بالاجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر رمیش کمار کاغذی کو ایک کروڑ 28 لاکھ 44 ہزار 696 روپئے کی رقم کورٹ میں جمع کرنی ہوگی۔
ڈاکٹر رمیش کاغذی کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرنے کے بعد ہی ضمانت ملے گی۔ مجگاؤں کورٹ نے ڈاکٹر کاغذی کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا ہے۔
بالاجی ہسپتال میڈیکل پالیسی گھپلا معاملہ سنہ 2015 کا ہے، جب ممبئی کے بائیکلہ پولیس تھانے نے بالاجی ہسپتال کے خلاف آصف اور اے ایس آئی سی کے سبکدوش افسر گروناتھ کے خلاف دھوکہ دہی اور اور فرضی واردات کی دفعات کے تحت معاملہ درج کرایا تھا۔ معاملہ کی جانچ کرنے والے تفتیشی افسر رمیش ساونت نے اسی مہینے دونوں ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔
آفس آف دی اسٹیٹ آف مہاراشٹرا (محکمہ محنت و مزدور، لیبر) کے تحت پورے ملک میں ایسے ملازمین جن کی تنخواہ 20 ہزار کے قریب ہے، ان کے لیے میڈیکل پالیسی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس میڈیکل پالیسی میں کچھ رقم انکی تنخواہ سے کاٹی جا تی جبکہ چار فیصد سے زائد رقم حکومت کی جانب سے ان مزدوروں کو دی جاتی ہے۔
سرکاری ادارے سے یہ پالیسی مزدوروں کے لیے وضع کی گئی ہے اس لیے اس ادارے کی ٹیم نے اس تعلق سے تفتیش اور چھان بین کی جس کے بعد پتہ چلا کہ ممبئی کے بالاجی ہسپتال کے ذریعے 196 ایسی فائلیں ہیں جن میں میڈیکل پالیسی کے نام پر ایک کروڑ سے بھی زائد کی رقم غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی ہے۔ ان میں مزدوروں کے معمولی علاج کو مہنگے علاج میں تبدیل کرکے ہسپتال نے میڈیکل پالیسی کے ذریعے کروڑوں روپئے غبن کرلیے جس کے بعد ادارے نے ممبئی کے بائیکلہ پولیس تھانے میں معاملہ درج کرایا۔