مہاراشٹر کے اورنگ آباد گذشتہ رات دیر گئے پتھراؤ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے جس کے بعد پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ اورنگ آباد پولیس کمشنر ڈاکٹر نکھل گپتا نے عوام سے رام نومی تہوار کو پرسکون انداز میں منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ آج رام نومی تہوار کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد کیراڈ پورے میں واقع رام مندر میں درشن کےلیے آتی ہیں۔
ریاستی ریزرو پولیس فورس کی چار یونٹس کو اورنگ آباد کے مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، یہ اطلاع ایس آر پی سپرنٹنڈنٹ نمیت گوئل نے دی ہے۔ تشدد میں اب تک 4 افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد سے کیراڈ پورہ میں واقع رام مندر میں تمام ریاستی لیڈران مرکزی ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراد، اورنگ آباد کے گارڈین وزیر سندیپن بھومرے، کابینی وزیر اتل ساوے، قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے اور کئی ایم ایل اے موجود تھے۔ لیڈران نے عوام سے اپیل کی ہیکہ آج رام نومی ہے، جبکہ رمضان کا مقدس مہینہ بھی چل رہا ہے، اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ دونوں تہوار پرامن طریقے سے منائیں۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کی جائے گی۔