اورنگ آباد (مہاراشٹر) :ریاست مہاراشٹر میں اورنگ آباد شہر کے کراڑ پورہ علاقے میں رام نومي کی دن تشدد برپا ہوا جس میں جم غفیر نے پولیس کی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی اور انہیں نذر آتش کر دیا تھا جس کے بعد اورنگ آباد پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے توڑ پھوڑ کے الزام میں اب تک سات افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اب شہر میں ریزو پولیس فورس کی بھی کمپنیاں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔
کراڑ پورہ علاقے میں گاڑیوں کو نذرآتش کرنے اور تشدد برپا کرنے والوں کے خلاف اورنگ آباد پولیس کی جانب سے کارروائی شروع کر دی گئی ہے كل دیر شام تک پولیس نے چھ لوگوں کو اپنی گرفت میں لیا تھا اور جمعہ کی صبح ایک اور نوجوان کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ سبھی افراد کو پولیس تھانے میں رکھا گیا ہے اس طرح اب تک سات لوگوں کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے جو شہر کے کراڑ پورہ علاقے میں تشدد برپا کر رہے تھے۔
تشدد برپا کرنے والوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ڈھونڈا جا رہا ہے اورنگ آباد شہر پولیس کی جانب سے مختلف ٹیمیں بنائی گئی ہیں اور ٹیمیں تشدد برپا کرنے والوں کے فوٹو ویڈیوز اور موبائل لوکیشن دیکھ کر اپنی تفتیش کر رہی ہے۔ شہر کے حالات کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، ساتھ ہی ریپڈ ایکشن فورس کی ایک کمپنی اور اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کی چار کمپنیاں بھی شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہیں تاکہ شہر کا ماحول خوشگوار بنا رہے۔ اورنگ آباد شہر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہ پر دھیان نہ دے۔