ممبئی: سویڈن میں قرآن سوزی کے خلاف رضا اکیڈمی نے ممبئی کی مشہور درگاہ حاجی علی رحمۃ اللہ علیہ کی آستانہ پر سخت احتجاج کیا اس موقع پر رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سویڈن حکومت کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں۔ نوری نے یہ بھی کہا کہ رضا اکیڈمی تمام مسلم ممالک کے سربراہان سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سویڈن حکومت سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں اور اپنے اپنے سفیروں کو وہاں سے واپس بلائیں۔ نوری نے مزید کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان آنے والے جمعہ 7 جولائی بمطابق 18 ذی الحجہ یوم شہادت جامع القرآن امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ ہے اس دن عالمی یوم قرآن مجید منائیں۔
دشمنان اسلام و قرآن کو مخاطب کرتے ہوئے نوری نے کہا کہ ایک دن وہ بھی آئے گا جب تم پر عذاب الہٰی نازل ہوگا تب تمہیں دنیا کی کوئی طاقت بچا نہیں سکے گی۔ واضح رہے کہ سویڈن میں قرآن سوزی کے خلاف رضا اکیڈمی وآل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء سمیت دیگر تنظیموں نے 18 ذوالحج 1444مطابق 7جولائی 2023 جمعہ کو بموقع شہادت جامع القرآن امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللّٰہ عنہ عالمی سطح پر یوم قرآن world Quran day منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں قرآن پاک سے محبت پیدا ہو۔