25 جنوری 2011 کو مالیگاؤں کے ایڈیشنل کلکٹر یشونت سونونے کو زندہ نذر آتش کرنے کے الزام میں مقامی سیشن عدالت نے تین ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ تقریبا 11 سال کے بعد اس کیس کا فیصلہ ہوا۔
واضح رہے کہ 25 جنوری 2011 کو ایڈیشنل کلکٹر یشونت سونونے منماڑ کے قریب ایک غیر قانونی ایندھن ڈپو میں کارروائی کرنے گئے تھے، تب ایندھن مافیا نے ایڈیشنل کلکٹر کے جسم پر پیٹرول ڈال کر انہیں زندہ نذر آتش کردیا۔
اس معاملے میں مچندرا شیواجی سروادکر، راجیندر دیوی داس شیر ساٹھ، آجے مگن سونوانے ( ساکن منماڑ )ملزمین کی فہرست میں شامل ہیں، جنہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، انہیں دفعہ 302 قتل کے تحت عمر قید،سرکاری کام میں رکاوٹ ( دفعہ 353 کے تحت ) دو سال قید اور دفعہ 506 کے تحت سات سال قید کے علاوہ دو ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
واضح رہے کہ اس معاملے میں اہم ملزم پوپٹ شندے،مچندرا سورواڈکر،راجو شیر ساٹھ،اجے سوناونے اور کنال شندے تھے۔ لیکن مقدمے کی سماعت کے دوران مرکزی ملزم پوپٹ شندے کی موت ہو گئی جبکہ جرم کے وقت کنال شندے نابالغ تھے، اس لیے اس کے خلاف جووینائل کورٹ میں مقدمہ چلایا جا رہا تھا۔ مقدمہ کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔