ناگپور: آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (مہاراشٹر- ناگپور) کے زیر اہتمام 40 ویں نیشنل یونانی طبّی کانفرنس پروفیسر مشتاق احمد کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مہاراشٹر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت مہاراشٹر نے طب یونانی کے فروغ کے لیے بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس ناگپور شاخ نے بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ اس عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں ملک کے گوشہ گوشہ سے انتہائی جوش سے سرشار یونانی ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ کلیدی خطبہ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے پیش کیا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے اپنے پیغام میں وعدہ کیا کہ ریاست میں یونانی ڈاکٹروں کو نوکریوں میں دس فیصد ریزرویشن دیا جائے گا اور ریاست میں گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج قائم ہوگا۔ 40th National Conference of AIUTC
انہوں نے یونانی ڈاکٹروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ ریاست میں طب یونانی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔ اسی طرح اسپیشل گیسٹ مسٹر ویدیہ جینت دیو پجاری (چیئرمین، این سی ایس آئی ایم، حکومت ہند) نے اپنے خطاب میں کہا کہ طبیہ کالجز کو معیاری بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طب یونانی کے فروغ کے لیے اس طرح کی کانفرنس کی کافی اہمیت ہے اور کووڈ 19 میں طب یونانی نے جو کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے، نیز میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس ناگپور کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بہت ہی معیاری اور عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس سے ملک بھر میں طب یونانی کے حوالے سے بہت بڑا پیغام جائے گا۔