بھوپال:ڈاکٹر موہن یادو جنہیں مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مقننہ پارٹی کا متفقہ طور پر لیڈر منتخب کیا گیا، اب ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ شہر اجین میں پیدا ہوئے ڈاکٹر موہن یادو کو بھی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا انتخاب سمجھا جاتا ہے اور ان کی خاصیت ’’لو پروفائل‘‘ میں کام کرنا ہے۔
25 مارچ 1965 کو اجین میں پیدا ہوئے ڈاکٹر موہن یادو، شیوراج سنگھ چوہان کابینہ میں اعلیٰ تعلیم کے وزیر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے اور وہ ایک بار پھر اجین جنوبی اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں۔ وکرم یونیورسٹی، اجین سے تعلیم حاصل کرنے والے اٹھاون سالہ ڈاکٹر موہن یادو نے سیاسیات میں بی ایس سی، ایل ایل بی، ایم اے، ایم بی اے اور پی ایچ ڈی بھی کیے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر یادو کے والد کا نام مسٹر پونم چند یادو اور ان کی اہلیہ کا نام محترمہ سیما یادو ہے۔ ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ انہیں سیاحت، ثقافت، تاریخ، سائنس اور کھیلوں میں بڑی دلچسپی ہے۔