سادھوی ایئرپورٹ ڈائریکٹر کی درخواست پر وہ فلائٹ سے بمشکل نیچے اتری۔
سادھوی پرگیہ نے اسپائس جیٹ انتظامیہ کی خدمات کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اسپائس جیٹ فلائٹ نمبر ایس جی 2489 سے بھوپال آرہی تھی، فلائٹ کے اندر انہیں سیٹ نمبر 2 اے دی گئی تھی، لیکن وہ چاہتی تھی کہ انہیں پروٹوکول کے لحاظ سے سیٹ نمبر اے ون دی جائے لیکن یہ سیٹ پہلے ہی دوسرے مسافر کو دی جاچکی تھی۔
جیسے ہی رات میں فلائٹ بھوپال کے راجا بھوج ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا تو بھوپال کے تمام مسافر اتر گئے لیکن سادھوی نہیں اتری، بعد میں اطلاع ملی کہ وہ فلائٹ میں ہی ناراض ہوکر دھرنے پر بیٹھ گئی ہے۔ اسپائس جیٹ کے اسٹاف نے بھی کئی مرتبہ سادھوی کو فلائٹ سے اترنے کی درخواست کی لیکن وہ اتنی ناراض تھی کہ انہوں نے فلائٹ سے اترنے کے لیے منع کردیا، اسٹاف نے یہ اطلاع ایئرپورٹ ڈائریکٹر کو دی۔
ائیر پورٹ کے ڈائریکٹر انیل وکرم خود طیارے کے اندر پہنچ گئے اور رکن پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلے سے متعلق مکمل معلومات حاصل کیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اس قسم کی شکایت کرنے کا کوئی رجحان نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کو یقین دلایا ہے کہ ان کی شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔ 20 منٹ کے بعد پرگیہ ٹھاکر جہاز سے نیچے اتری۔
پرگیہ نے اسپائس جیٹ کی خدمات کے خلاف بھی شکایت درج کروائی ہے۔
سادھوی کی وجہ سے 20 منٹ تاخیر ہوگئی جس کی وجہ سے فلائٹ میں بیٹھے مسافرین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔