بھوپال: موسم کے بدلتے مزاج کے درمیان مدھیہ پردیش میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔ دوسری جانب دارالحکومت بھوپال میں صبح سورج نکلنے کے بعد اچانک موسم بدل گیا اور گرج چمک کے ساتھ کچھ دیر تک تیزبارش ہوئی۔ موسمیاتی مرکز، بھوپال کے سائنسدانوں کے مطابق، راجستھان کے قریب بنے ویسٹرن ڈسٹربنس اور ٹرف لائن کی وجہ سے، ریاست میں گذشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر جنوبی اور مغربی مدھیہ پردیش میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کچھ مقامات پر اچھی بارش ہوئی ہے۔ دوسری طرف راجدھانی بھوپال میں کل کی بارش کے بعد آج صبح پھرتیز بارش ہوئی۔
دریں اثنا، سیونی میں زیادہ سے زیادہ 57.2 ملی میٹر (ایم ایم) بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ چھندواڑہ میں 35.5 ، جبل پور میں 31.7، نرسنگھ پور میں 31.7، نرسنگھ پور میں 24، منڈلا میں 16.4، اندور میں 15.5، بیتول میں 13.6، اجین میں9.6، بالاگھاٹ کے ملاک کھنڈ میں6.6، بھوپال میں 2.6 ملی میٹر کے علاوہ دیگر مقامات پربارش ہوئی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔ محکمہ نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے کے دوران ریاست میں کئی مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ہلکی تو کہیں درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ راجدھانی بھوپال اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کی بارش کے بعد آج صبح ایک بار پھر موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے کو ملی کچھ دیر تیز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے۔