بھوپال: کانگریس پارٹی نے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ اس کے لیے پرینکا گاندھی ریاست کی ثقافتی راجدھانی کہلائے جانے والے شہر جبلپور پہنچیں۔ کانگریس جنرل سیکرٹری نے مدھیہ پردیش کے ساتھ ساتھ ہماچل پردیش اور کرناٹک کی طرح 5 انتخابی ضمانتوں یا وعدوں کا اعلان کیا۔ اجلاس کے اسٹیج سے پرینکا گاندھی کے اشاروں اور مسکراہٹ سے یہ بھی واضح ہو گیا کہ کمل ناتھ ریاست میں کانگریس کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ پارٹی ان کے چہرے کے سہارے سے ہی انتخابی میدان میں اترے گی۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی جبلپور پہنچنے کے بعد سیدھے گواریگھاٹ گئی۔ جہاں انہوں نے 101 برہمنوں کے ساتھ تقریباً 20 منٹ تک نرمدا کی پوجا کی۔ اس کے بعد وہ شہید اسمارک میدان میں جلسے کے لیے پہنچیں۔
اسٹیج پر ریاست کے تمام سینئر کانگریس لیڈر کی تقریروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پرینکا گاندھی کی تقریر سے پہلے کمل ناتھ کو ریاستی کانگریس صدر کی حیثیت سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا۔ کمل ناتھ کو اسٹیج سے مدھیہ پردیش کے مستقبل کے وزیر اعلیٰ کے طور پر پکارا گیا۔ جس پر کانگریس کارکنان نے جے جے کمل ناتھ کے نعرے بلند کیے۔ نعروں کے درمیان پرینکا گاندھی نے مسکراکر وکٹری سائن اشارے سے کارکنان کو پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ وہیں پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں اپنے والد اور دادا دادی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خاندان کے افراد نے اس ملک کی تعمیر کے لیے اپنا خون دیا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ اقتدار کا مزہ لینا کتنا آسان ہے۔