بھوپال: وزیر اعظم نریندر مودی مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابی مہم کے سلسلے میں آج تین انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم مودی کے طے شدہ پروگرام کے مطابق وہ تین مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم مودی آج صبح تقریباً 11 بجے دموہ میں خطاب کرچکے ہیں، دوپہر 1.30 بجے گنا میں اور شام 4 بجے مورینا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی تمام پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
وہیں دوسری جانب کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج مدھیہ پردیش میں دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گی اور اندور میں روڈ شو کریں گی۔ پارٹی کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق پرینکا گاندھی دوپہر 12 بجے اندور میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ اس کے بعد وہ دوپہر 2 بجے دیواس کے کھاتے گاوں میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ پرینکا گاندھی شام 5 بجے اندور اسمبلی میں روڈ شو کریں گی۔