بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش میں تقریباً ایک سال سے جاری ریاستی وقف بورڈ کے انتخابات کا عمل کو مکمل کرتے ہوئے سماجی زمرہ سے رکن کے طور پر شامل ڈاکٹر سنوار پٹیل کو اس 7 رکنی بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا ہے۔ بورڈ کے دیگر اراکین میں راجیہ سبھا کی سابق رکن نجمہ ہپت اللہ، سابق وزیر عارف عقیل، بار کونسل کے رکن احد اللہ عثمانی، متولی فیضان خان، شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والی فاطمہ چودھری اور سرکاری اہلکار ڈاکٹر انعام الرحمان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجین کے ایک اور متولی نے ایم پی وقف بورڈ کے انتخابات میں متولی رکن کے طور پر شامل فیضان خان کے انتخاب پر اعتراض درج کرایا ہے۔ اندور ہائی کورٹ میں چل رہے اس معاملے کے بارے میں عدالت نے حکم دیا ہے کہ بورڈ کے انتخابات کے آئندہ عمل کو اس وقت تک آگے نہ بڑھایا جائے جب تک مذکورہ معاملہ حل نہیں ہو جاتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کا یہ حکم عدالت کی سائٹ پر فی الحال اپ لوڈ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے جاری ہونے والا نوٹس متعلقہ افسران اور محکمے تک پہنچا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی اور انتظامی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل کو جلد بازی میں مکمل کیا گیا تاکہ عدالتی حکم سے یہ عمل متاثر نہ ہو۔