بھوپال:مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل آج وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے تین وزراء کو شامل کرتے ہوئے کابینہ کی توسیع کی، جس میں گوری شنکر بسن اور راجندر شکلا کابینہ وزیر اور راہل سنگھ لودھی بطور وزیر مملکت بنائے گئے ہیں۔ گورنر منگو بھائی پٹیل نے راج بھون میں منعقدہ ایک مختصر اور باوقار تقریب میں تینوں نو تعینات وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ چوہان کے علاوہ کئی عوامی نمائندے، چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس اور سینئر افسران موجود تھے۔ Madhya Pradesh Cabinet Gets 3 New Ministers
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل علاقائی، ذات پات اور سیاسی توازن کے مقصد سے نئے وزراء کو حلف دلایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ کے علاوہ اب کابینہ میں وزراء کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ اس میں 25 کابینی وزیر اور آٹھ وزرائے مملکت شامل ہیں۔ 230 رکنی ریاستی اسمبلی میں مقررہ معیار کے مطابق وزیر اعلیٰ سمیت زیادہ سے زیادہ 35 وزراء ہو سکتے ہیں۔ اس طرح اب بھی ایک جگہ خالی ہے۔