ریاست مدھیہ پردیش کے کانگریس صدر کمل ناتھ کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اب اپوزیشن جماعت کانگریس نے دارالحکومت بھوپال کے ساتھ مختلف اضلاع میں کورونا سے متعلق حقیقی اعداد و شمار چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان اور دیگر ذمہ داراں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
cm shivraj singh chouhan: شیوراج سنگھ چوہان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ بھوپال میں سابق وزیر جیتو پٹواری کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا ایک نمائندہ وفد کرائم برانچ (بھوپال) پہنچ کر درخواست پیش کی۔
اس موقع پر کانگریس رکن اسمبلی پی سی شرما، اے این پی پرجاپتی، رکن اسمبلی عارف مسعود اور جنرل سیکرٹری راجیو سنگھ بھی موجود رہے۔
درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا سے متعلق حقیقی اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں۔ کانگریس رہنماؤں نے اس کے لئے وزیر اعلی اور دیگر متعلقین کے خلاف دفعہ 304 کے تحت غیر ارادتاً قتل کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسی دوران جیتو پٹواری نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست میں کورونا سے ہزاروں لوگوں کی موت ہوئی ہے اور ریاستی حکومت یہ تعداد کافی کم بتا رہی ہے۔ ہمارے ریاستی صدر نے اس سلسلے میں صحیح بات کہی تو دھیان بھٹکانے کے لئے پولیس نے حکومت کے اشارے پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت میں ایف آئی آر ان لوگوں کے خلاف درج ہونی چاہیے، جو کورونا سے لوگوں کی موت کے ذمہ دار ہے۔ ان لوگوں کی وجہ سے کورونا متاثرین کو ضروری انجکشن، دوائیں اور دیگر اشیاء نہیں مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمل ناتھ نے اموات کے اعدادو شمار صحیح بتائے ہیں۔ شیوراج حکومت اموات کو کم بتا کر اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اموات کے اعدادو شمار صحیح اور اچھی طریقے سے پیش کرے۔