بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش سے عازمین حج کے مکہ پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں اس دوران مدھیہ پردیش کے ضلع گنا سے حج کے لئے سعودی پہنچنے والی رئیسہ خانم اپنے قریبی عزیزوں سے بچھڑ گئیں۔ وہ اپنے محرم کے ساتھ زیارت کے لیے حرم شریف پہنچی تھیں۔ جب وہ شام 4.05 بجے کے قریب اپنی عمارت کے لیے روانہ ہوئی تو وہ غلطی سے دوسری بس میں سوار ہوگئیں۔ جب وہ اپنے ٹھکانے تک نہ پہنچی تو ان کی تلاش شروع کردی گئی۔
رئیسہ خانم کے لاپتہ ہونے کی خبر ایم پی کے اسٹیٹ حج کوآرڈینیٹر شاکر علی جعفری کو دی گئی۔ جس کے بعد انہوں نے رابطہ کمیٹی کو الرٹ کر دیا۔ رات بھر کی جدوجہد کے بعد بالآخر وہ مل گئیں اور سلامتی کے ساتھ انہیں ان کی عمارت میں لے جایا گیا۔ اسٹیٹ کوآرڈینیٹر شاکر علی جعفری نے عزیزیہ کی عمارت نمبر 293 کے کمرہ نمبر 105 میں مقیم رئیسہ خانم سے ملاقات کی۔
حجانی اور ان کے اہل خانہ اور دیگر حاجیوں نے جعفری کی کوششوں کی تعریف کی اور ان کے لئے دعا کی۔ واضح رہے کہ ملک اور دنیا بھر سے حاجیوں کے مکہ پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ماہ کے آخری ہفتے میں منعقد ہونے والے حج ارقان کے آغاز سے قبل یہاں 40 لاکھ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کی امید ہے۔ ایسے میں لوگوں کے گمراہ ہونے اور اپنے عزیز و اقارب سے بچھڑنے کی صورتحال مزید بڑھ سکتی ہے۔